نئی دہلی:جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جو اپنے میڈیا کورسز کے لئے بے حد مشہور ہے، اپنا پہلا پوسٹ گریجویشن لیول میسیو اوپن آن لائن کورس (ایم او او سی) شروع کیا ہے، جس کا نام میڈیا کانٹنٹ پروڈکشن آن ملٹی پل پلیٹ فارم ہے، یہ وزارت ترقی انسانی وسائل حکومت ہند (ایم ایچ آر ڈی)کے سویم منصوبہ کے تحت شروع کیا گیا ہے۔اہم بات یہ کہ کورس بالکل مفت ہے۔ مشترکہ طور پر جامعہ ملیہ اسلامیہ اور یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (یو جی سی) کے زیر اہتمام یہ کورس 15 ہفتوں پر مشتمل ہے۔ اس کو سوئم ایپ یا کمپیوٹر پر کسی بھی بیسک اینڈرائیڈ فون یا کمپیوٹر پر حاصل کیا اور دیکھا جاسکتا ہے، کورس میں اندراج کی آخری تاریخ 31 اگست، 2019 ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے اس کا امتحان ہوگا۔ اس میں داخلہ لینے والے افراد خواہ وہ کسی بھی دور دراز علاقہ میں رہتے ہوں ویڈیو لیکچر، ای-ٹیکسٹ، مطالعہ کے لئے مواد، اضافی مطالعاتی ماخذ اور ہفتہ وار کوئز کے ساتھ با صلاحیت اساتذہ کے ذریعہ تیار کردہ میڈیا اسٹڈیز کے اس وسیع، جدید ترین اور معیاری کورس تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ کورس مکمل ہونے پر طلباء اپنی یونیورسٹی سے 4 کریڈٹ پوائنٹس حاصل کریں گے۔ یہ ایک مکمل کورس ہے جو کلاس روم میں تدریس سے کم نہیں جہاں مطالعاتی مواد کے ساتھ لیکچر بھی دستیاب ہوتے ہیں اور ڈیڈ لائن پر مبنی اسائنمنٹس بھی۔ اس کورس میں اسکرپٹ رائٹنگ، نیوز روم پروڈکشن سے لے کر مصنوعی ذہانت، ویب سیریز، اے آر، ایم آر، وی آر وغیرہ جیسے مختلف لیکچرز شامل ہیں۔ یہ کورس جامعہ، آئی آئی ایم سی اور مختلف نامور یونیورسٹیوں اور کالجوں کی باصلاحیت فیکلٹی ممبران کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر کرشنا شنکر کسما، اے جے کے ایم سی آر سی میں سینئر فیکلٹی ممبر اور اس کورس کے کوآرڈینیٹر اور پرنسپل انویسٹی گیٹر نے کہا کہ یہ کورس نہ صرف میڈیا کے طلبا کے لئے بلکہ اس مضمون میں دلچسپی رکھنے والے ہر فرد کے لئے مفید اور کار آمد ہوگا۔ ڈاکٹر کسما کو جامعہ میں آن لائن تعلیم کے آغاز کا سہرا جاتا ہے اس سے قبل اننھوں نے لائن انڈرگریجویٹ کورسیز بھی شروع کیا تھا، جس کا نام ایڈورٹائزنگ اینڈ پبلک ریلیشنشنزاوراینڈ انٹرو ڈکشن ٹو آڈیو ویزول تھا، مذکورہ پروگرام 2007 میں سی ای سی، ایم ایچ آر ڈی کے مالی تعاون سے ہوا تھا۔ انھوں نے کہا یہ سیکھنے کی تمنا رکھنے اور کامیابی کا خواب دیکھنے والے افراد کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور سب سے بڑی بات یہ کہ طویل عرصے سے جاری بحث و مباحثے کے دوران کہ تعلیم مفت ہو اُس کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے۔