نئی دہلی :دلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سبھاش چوپڑہ نے آج نئی دلی پارلیمانی حلقہ کے آر کگ پورم میں پارٹی کے پروگرام اور پالیسی کو آگے بڑھانے کے لئے پارٹی کے آفس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے سبھاش چوپڑہ نے نئی دلی پارلیمانی حلقہ کے سابق رکن پارلیمان اجے ماکن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد کی بدولت ہی آج دلی کی کھٹپتلی کالونی کے لوگوں کو پکے مکانات ملے۔اس جلسہ کا اہتمام کانگریس لیڈر مہیپال نے کیا تھا۔اس موقع پر سابق میونسپل کونسلر انل ملک،دھرم ویر،نیتو ورما،راجیش گرگ،ڈاکٹر دھیرج دیسائی،امن برلان،ششی پال،راکیش پردھان وغیرہ موجود رہے۔
سبھاش چوپڑہ نے کہا کہ مرکز کی بھاجپا اور دلی کی عام آدمی پارٹی کی سرکاریں غریب لوگوں کو مکان دینے کا جھوٹا وعدہ کر کے انہیں گمراہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں دلی کے سبھی طبقوں کے لئے کام کیا۔انہوں نے کیا کہ فخر کی بات ہے کہ جب شہری ترقیات کی وزارت اجے ماکن کے پاس تھی تب انہوں نے باقاعدہ مرکزی سرکار سے جہاں کئی منصوبے بنوائے وہیں مرکزی ملازمین کو فائدہ پہنچانے کے لئے بھی کام کیا۔
چوپڑہ نے موجودہ رکن پارلیمان میناکشی لیکھی کے ذریعہ حلقہ کونظر انداز کرنے پر شدید مذمت کی۔سبھاش چوپڑہ نے کانگریس کارکنان سے اس موقع پر کہا کہ مرکزی سرکار جان بوجھ کر شہریت ترمیمی ایکٹ کو اس لئے لاگو کرنا چاہتی ہے تاکہ ملک میں مذہبی تقسیم کرکے اس کا فائدہ اٹھایا جائے۔انہوں نے پارٹی ورکرس سے اپیل کی کہ وہ کسی قیمت پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر نہیں ہونے دیں گے اور بھاجپا کے اس ایکٹ کے پیچھے کی منشا کو گھر گھر تک پہنچائیں گے۔