’ انٹرنیشنل بُک آف ریکارڈس‘نے سوشل میڈیا پر منفرد ’نیوز کلپنگ سروس‘ کیلئے اعزاز سے نوازا، اہم شخصیات نے مبارکباد پیش کی
نئی دہلی: صحافت کی دنیا میں منفرد کام انجام دینے والے شفیق الحسن نے عالمی پیمانے پر ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔انھیں ’انٹرنیشنل بُک آف رکارڈس‘ نے ’سب سے لمبی نیوز کلپنگ سروس‘ کا عالمی ریکارڈ بنانے پر ایوارڈ کے لئے منتخب کیا ہے۔ شفیق الحسن کو عالمی سطح کا ایوارڈ ملنے پر مختلف شعبہائے جات سے وابستہ ملک کی اہم شخصیات نے بڑے پیمانے پر انھیں تہنیتی پیغام بھیجے ہیں اور مبارکباد پیش کی ہے۔ واضح ہو کہ شفیق الحسن نے ۲۴؍ جون ۲۰۱۷ء کواپنی اس سروس کا آغاز کیا تھا اور ۲۳؍ مارچ ۲۰۲۰ء تک یہ سلسلہ جاری رہا۔ مجموعی طور پر انھوں نے ۱۰۰۰؍ دن تک اپنی یہ بے لوث خدمت انجام دی۔
اس دوران جب اس سروس کے بلا ناغہ ۹۰۶؍ روزمکمل ہوئے تو طبیعت ناسازہونے کے سبب محض ۶؍ روز کے لئے یہ سلسلہ منقطع ہوا اور پھر شفیق الحسن نے اپنی اس منفرد سروس کے ایک ہزار دن مکمل کئے۔ حالانکہ اس سے پہلے وہ فیس بک اور ٹوئیٹر پر کبھی کبھی کچھ اخباروں کے تراشے شیئر کرتے رہتے تھے، لیکن یہ چند لوگوں تک محدود تھا۔۲۴؍ جون ۲۰۱۷ء کو دہلی کے نزدیک ٹرین میں جنید کی لنچنگ کا واقعہ پیش آیا۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر افواہوں اور فیک نیوز کا سلسلہ بھی دراز ہوا۔ اس کے بعد انھوں نے تہیہ کیا کہ جہاں تک ممکن ہو سکے لوگوں کو سچی اور مستند خبروں سے روشناس کرایا جائے ۔ اور پھر انھوں نے تمام نا موافق حالات کے باوجود ہر روز صبح ٹھیک آٹھ بجے اردو، ہندی اور انگریزی کے اہم اخبارات کی مخصوص خبریں، اداریے اور مضامین بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا اور جب یہ سلسلہ شروع ہوا تو مسلسل ایک ہزار دن تک جاری رہا۔
اسی منفرد سروس کے اعتراف میں ’ انٹرنیشنل بُک آف ریکارڈس‘نے سوشل میڈیا پر منفرد ’نیوز کلپنگ سروس‘ کیلئے اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر انھیں ملک و بیرون ملک سے بڑے پیمانے پرتہنیتی پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی مختلف اہم شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہے۔ ان میں مشہور فلم ساز مہیش بھٹ، سینئر صحافی شاہد صدیقی،میم افضل، ممبر پارلیمنٹ کنور دانش علی، پروفیسر اختر الواسع، پروفیسر جے اے کے ترین، فلم ساز اجے کنچن، مرزا قمر الحسن بیگ، ممبر پارلیمنٹ ندیم الحق، ظہیر الدین علی خان اور خلیق الرحمن وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔