اندور: معروف شاعر راحت اندوری کا کورونا سے متاثر ہونے کے بعد آج یہاں ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔
وہ 70 برس کے تھے ۔ راحت اندوری کے انتقال کی تصدیق یہاں مسٹر اروند انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (سیمس) نے کی ہے ۔
سیمس کے ترجمان نے بتایا کہ مسٹر راحت اندوری کو کافی سنگین حالت میں علاج کے لئے سنیچر کی شب اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ آج علاج کے دوران انہیں تین بار دل کا دورہ پڑا تھا۔ اس دوران دوپہر تقریباً ساڑھے چار بجے انہوں نے دم توڑ دیا۔
مسٹر راحت اندوری کے انتقال کی خبر سے اندور سمیت ملک اور دنیا میں ان کے مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مشہور شاعر راحت اندوری کے انتقال پر بزم صدم انٹرنیشنل کا اظہار تعزیت
اردو کے مشہور شاعر راحت اندوری کے کورونا مثبت ہونے اور اس سے انتقال کی خبر پر سخت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد اور ان کی پوری ٹیم نے کہا کہ ان کے انتقال کی وجہ سے اردو نے ایک عظیم اور بے باک شاعر کو کھو دیا ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ہے ۔
بزم صدف کے چیرمین نے کہا کہ کورونا وبا پوری دنیا کے لئے قہر بن کر ٹوٹ رہا ہے اور اس کی زد میں بڑ ے بڑے لوگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ راحت اندوری کے کورونا سے متاثر ہونے کی خبر تشویش میں تھے اور اب ان کی موت کی خبر نے سخت صدمے سے دوچار کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ صرف مشاعر اور بلکہ ہر و خاص و عام میں بے حد مقبول تھے اور ان شاعری زبان زد خام و خاص تھی۔
انہوں نے کہا کہ بزم صدف انٹرنیشنل کی پوری ٹیم سرپرست صبیح بخاری، ہندوستان کے ڈائر کٹر ڈاکٹر صفدر امام قادری،محمد عرفان، بین الاقوامی کوآرڈی نیٹر احمد اشفاق اور دیگر اراکین نے ان کے لئے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے دوران اردو کی عظیم ہستیاں ہم سے جدا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ راحت اندوری بین الاقوامی سطح کے شاعر ہیں اور ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا میں وہ بے حد مقبول ہیں۔ ان کے کورونا مثبت ہونے کی خبر سے پوری ادبی اور اردو دنیا میں تشویش میں مبتلا تھی لیکن کسی اس کا ذرہ برابر گمان نہیں تھا کہ وہ اس سے جانبر نہیں ہوسکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ اردو زبان ہی کسی زبان میں اس طرح بے باک شاعر مشکل سے ہی ملے گا۔
واضحً رہے کہ گزشتہ دنوں راحت اندوری نے خود ٹوئیٹ کرکے کورونا سے متاثرہونے کی اطلاع دی تھی اور وہ مدھیہ پردیش میں اربندو اسپتال میں داخل تھے جہاں ان کا علاج چل رہا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا۔
شیو راج سنگھ کا راحت اندوری کے انتقال پر اظہار رنج
مدھیہ پردیش کے وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان نے مشہور شاعر راحت اندوری کے انتقال پر رنج اور تعزیت ظاہر کرتے ہوئے اسے ملک اور ریاست کے لئے ناقابل تلافی نقصان بتایا۔
مسٹر چوہان نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ‘اپنی شاعری سے لاکھوں کوروڑوں دلوں پر حکومت کرنے والے مشہور شاعر، ہر دلعزیز مسٹر راحت اندوری کا انتقال مدھیہ پردیش اور ملک کے ناقابل تلافی نقصان ہے ۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون دے اور ان کے اہل خانے اور مداحوں کو یہ بڑا دکھ برداشت کرنے کی طاقت دے ’۔