نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور علاقے میں پیر دیررات چار منزلہ عمارت بھربھرا کر جھگی پر گر گئی۔ اس حادثے میں باپ بیٹی کی موت ہو گئی جبکہ تین افراد شدید طور پر زخمی ہوئے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے نزدیکی ہسپتال کے مردہ گھر میں رکھوادیا ہے۔
پولیس کے مطابق مہلوکین کی شناخت سیلم پور جے جے کالونی کی مونی (21) اور سیلم پور رہائشی محمد یاسین (65) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں زخمیوں کی شناخت ارمان (33)، شاہجہاں بیگم (33) اور شمش الدین کے طور پر ہوئی ہے۔ فی الحال پولیس کیس درج کرکے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ دیر رات پونے 11 بجے اطلاع ملی کہ سیلم پور میں چار منزلہ عمارت گر گئی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی اور مدادی کام شروع کیا۔ واقعہ والی جگہ بہت زیادہ تنگ تھی۔ ایسے میں بلڈوزر، ایمبولینس اور دوسری ریسکیو کی گاڑیوں کو موقع پر پہنچنے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے مطابق حادثے میں 65 سال کے محمد یاسین اور ان کی 21 سالہ بیٹی مونی کی موت ہو گئی، جبکہ ارمان، شاہجہاں بیگم اور شمس الدین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو قریبی ہی جگ پرویش چندر ہسپتال لے جایا گیا۔
یاسین کے خاندان حادثے کے بعد حیران ہیں۔ علاقے میں گرنے والی عمارت اکرام کی تھی۔ وہاں اس نے کچھ روز پہلے ہی پانچویں منزل ڈالی تھی۔ اس کے بعد سے مسلسل علاقے میں اس عمارت کے جھکنے کی بحث تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پیر کی شام کے وقت اس عمارت کے نچلے حصے میں ایک دروازہ ڈالنے کا کام چل رہا تھا، تبھی اچانک عمارت بھربھراکر پڑوس میں رہنے والے یسین کے گھر پر گر گئی۔ سب کچھ اتنی جلدی ہوا کہ کسی کو بچ کر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔
چار منزلہ عمارت بھربھرا کر جھگی پر گری، دو ہلاک
