نئی دہلی : لوک ڈائون کے دوران جہاں بہت ساری تنظیموں کے کارکنان نے بے سہارا اور مجبور لوگوں کی مدد کرکے اپنی مثال قائم کی ہے، وہیں لائف کیئرفائونڈیشن کے کارکنان نے لوک ڈائون کے اول روز سے عوام کی خدمت کرکے جو کام کیا ہے وہ لائق تعریف ہے ۔
یہ تنظیم لوک ڈائون کے دوران راشن تقسیم کرنے کے علاوہ وہ طلبہ جو کھانا بنا نہیں سکتے تھے ان لوگوں کو پکا ہوا کھانا دے کر بھی مدد کرنے کی حتی الامکان کوشش کی، جس میں تنظیم کے کارکنان کو کافی حد تک کامیابی بھی ملی۔ تنظیم کے ذمہ داروں نے جیسے صدر ولی اللہ اور نائب صدر محمد گلفام، جنرل سکریٹری شفیع الرحمان ، لیگل ایڈوائزر خلیق الرحمان اور دیگرسرگرم کارکنان نے جس محنت و لگن اور انسانیت کے جذبے سے لوگوں کی مدد کی ہے اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ ان لوگوں کے ہجرت کررہے مزدوروں کی کھانے کا پیکٹ دے کر اور دیگر طریقے سے بھی مدد کی ہے ۔
لائف کیئرفائونڈیشن کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کی خدمت کے اسی جذبے کو دیکھتے ہوئے ڈی ایم سائوتھ ایسٹ مس ہرلین کور (آئی اے ایس) اور ایس ڈی ایم مسٹر ہریش بجاج نے سرٹیفکیٹ دے کران کی خدمت کو سراہا ہے۔ ڈی ایم اور ایس ڈی ایم نے کہا کہ آپ لوگوں نے جو کام کیا ہے وہ انسانیت کو فروغ دینے والا ہے اور محبت و بھائی چارگی کو فروغ دینے والا کام ہے۔
ایسے وقت میں جبکہ ہر طرف لوگ پریشان حال تھے لائف کیئر فائونڈیشن نے اور دیگر تنظیموں نے اس وقت لوگوں کی مدد کی ہے۔ یقیناًاس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے، یہی انسانیت ہے، اور اسی جذبے کے تحت ہم سب کو کام کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ ڈی ایم اور ایس ڈی ایم نے کہا کہ ہم لوگ چاہتے ہیں کہ آپ تمام لوگ یعنی سائوتھ ایسٹ کے تمام جی این اوز کاایک گروپ بنادیں اورجہاں جہاں بھی عوامی یا فلاحی کام کی ضرورت ہوگی وہاں وہاں آپ لوگوں کی مدد لی جائے گی۔
ڈی ایم اور ایس ڈی ایم کی طرف سے دیئے جانے والے سرٹیفکیٹ کو حاصل کرنے کے بعد فائونڈیشن کے نائب صدر محمدگلفام نے کہا کہ آپ لوگو ں نے جو ہمارےفائونڈیشن کو سرٹیفکیٹ دے کر سراہا ہے ، اس کے لیے ہم اور ہمارے تمام ذمہ داران آپ لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، اور ہم لوگ چاہتے ہیں کہ آپ لوگوں کی مدد سے اس طرح کے فلاحی کام کو مزید انجام دیتے رہیں۔ اس موقع پر فائونڈیشن کے سرگرم ممبر عارف خان بھی موجود تھے۔