نئی دہلی :(ہند نیوز بیورو) دہلی این سی آر میں سرگرم غیر سرکاری تنظیم میم MEEM سالوں سے لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ آفت سماویہ و ارضیہ کے وقت مثال کے طور پر سیلاب ہو ، تباہی کی وبا ہو یا دہلی کے فسادات ہوں ، میم تنظیم ہر پریشانی اور آفت میں لوگوں کا سہارا بن چکی ہے اور ان کو مدد فراہم کی ہے۔لاک ڈاؤن کے وقت لوگوں کو راشن مہیاکرانے سے لیکر غریب وضرورت مند لوگوں کے فوری تعاون تک تمام حالات میں لوگوں کے ساتھ کھڑی رہنے والی مییم تنظیم نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے لڑکیوں کو تعلیم یافتہ بنانے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
میم نے رواں سال 2021 سے 100 غریب اور لاچار لڑکیوں کے لئے 10 ویں اور 12 ویں کلاس مفت کرانے کی مہم شروع کی ہے۔اس تنظیم کی کوشش ہے کہ یہ لڑکیاں اپنے پیروں پر کھڑی ہوکر اپنے اچھے مستقبل کا انتخاب کرسکیں، خودکفیل بنیں اور ملک کی خدمت کرسکیں۔
کیونکہ اگرایک عورت تعلیم حاصل کرتی ہے تونسلوں تک تعلیم پہونچتی ہے۔ ہند نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے تنظیم کے خزانچی علی ذاکر نے کہا کہ ہمارا مقصد خواتین کو زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ اور خود کفیل بنانا ہے اس کے لئے عملی طور پر اقدامات شروع کئے جا چکے ہیں۔ پہلے مرحلے میں ، ہم دہلی این سی آر میں 100 لڑکیوں کے ساتھ اس مہم کا آغاز کررہے ہیں ، جبکہ دوسرے مرحلے میں اترپردیش ، بہار ، راجستھان اور ہریانہ وغیرہ میں 1000 لڑکیوں کو تعلیم دلانے کا ارادہ ہے۔
ہماری پوری کوشش ہے کہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کو ہر ممکن مدد اور مواقع فراہم کرائے جائیں۔ ذاکر علی نے مزید بتایا کہ میم ٹیم مدرسوں کے بچوں کو دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کے درمیان جدید تعلیم کے فروغ پر بھی کام کر رہی ہے۔ یہ کام ملک کی تمام ریاستوں میں شروع ہوچکا ہے۔ رواں سال میم نے دہلی اورغازی آباد میں ایک تربیتی مرکز اور کوچنگ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
جس میں لڑکیوں کو سلائی کی مفت ٹریننگ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ایس ایس سی ، بینک ، پی او اور ریلوے جیسے محکموں میں مقابلہ جات امتحانات کی تیاری بھی بلا معاوضہ کرائی جائے گی ۔ میم ٹیم کے اس اقدام کا عوام نے خیر مقدم کیا ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔