مظفر نگر : اردو ٹیچرز ویلفیئر ایسوسی ایشن مظفر نگر کے عہدیداران نے آج صوبائی نائب صدر رئیس الدین رانا کا 13 جنوری کو منعقدہ صوبائی کنونشن میں ”حافظ میرٹھی ایوارڈ“سے نوازے جانے پر خیرمقدم کیا۔ آج یوگیندرپوری میں واقع ”اردو گھر“میں تنظیم کے عہدیداران میں میڈیا انچارج کلیم تیاگی، سینئر ضلع نائب صدر ریاض علی، ضلع جنرل سکریٹری شہزاد علی، ضلع کنوینر شعیب احمد، اوصاف احمد اور شمیم قصار نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے صوبائی کنونشن میں ریاستی کنوینر صابر خان نے ضلع مظفر نگر کو اردو کے فروغ اور سرگرمیوں میں سرفہرست سمجھتے ہوئے جناب رئیس الدین رانا اور ضلعی کمیٹی کو ”حفیظ میرٹھی ایوارڈ“ سے نواز کر ضلع مظفر نگر کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظفر نگر ضلع ہمیشہ سے ایک انقلابی ضلع رہا ہے اور یہاں سے اٹھنے والی آواز دور دور تک سنائی دیتی ہے۔ یہ ضلع اردو کے فروغ میں بھی بہترین کام کر رہا ہے۔ یہاں کے اردو سے محبت کرنے والوں میں ہندو اور مسلمان دونوں شامل ہیں۔
صوبائی نائب صدر رئیس الدین رانا نے اس موقع پر کہا کہ یہ اعزاز میرا نہیں بلکہ پورے ضلع کا اعزاز ہے۔ اس لیے آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آپ کی وجہ سے مجھے یہ اعزاز ملا ہے۔ اگر آپ سب ساتھ نہ ہوتے تو ہمیں یہ اعزاز نہ ملتا۔ انہوں نے صوبائی کنوینر صابر خان اور تمام صوبائی عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام اردو اساتذہ سے کہا کہ یہ تنظیم آپ کی اپنی ہے۔ اس لیے تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے محنت اور لگن سے کام کریں۔ یہ تنظیم نام پر نہیں کام پر یقین رکھتی ہے۔
اس پروقار تقریب میں شعیب احمد، شہزاد علی، ریاض علی، کلیم تیاگی، اوصاف احمد، شمیم قصار، امتیاز علی، سعد علی ، عابد علی، ساجد علی، امجدی سیفی، شاہ نظر ،قاری محمد ایوب، رئیس الدین(پوربالیان)، ندیم ملک وغیرہ نے شرکت کی۔