گروگرام: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کا فیصلہ علاقے کی حفاظت اور امن کے علاوہ دہشت گردی کے خاتمے کی سمت میں بڑا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ اب فیصلہ کن موڑ پر ہے۔
نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کے منگل کے روز ہریانہ کے مانیسر میں منعقد 35 ویں یوم تاسیس پر شاہ نے کہا کہ ملک میں امن اور ترقی کے لئے سیکورٹی انتہائی اہم ہوتی ہے اور دہشت گردی کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے لعنت ہے۔ دہشت گردی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ملک طویل عرصے سے دہشت گردی کی لعنت سے متاثر رہا ہے اور وزیر اعظم مودی کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب روایتی جنگ نہیں ہوتی۔ پڑوسی کی اسپانسرڈ دہشت گردی سے ملک ہمیشہ متاثر رہا ہے۔ لہٰذا دہشت گردی کے پورے طور پر خاتمے کے لئے کشمیر سے دفعہ 370 ہٹا کر وہاں مستقل امن قائم کیا جا رہا ہے۔ شاہ نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی گارڈز کے جوانوں کی مستعدی سے ہم اپنی حفاظت کے تئیں مطمئنہیں۔نیشنل سیکورٹی گارڈز کے جوانوں کی بہادری نے دنیا کو حیران کیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ نیشنل سیکورٹی گارڈز نے کئی موقعوں پر شاندار کارکردگی کی ہے۔ اس سے سب کے ذہن میں داخلی سلامتی کے نقطہ نظر سے اعتماد اور اطمینان کا احساس آیا ہوگا۔ انہوں نے کہا، ‘مشکل وقت – کمانڈو سخت’ اصول کے ساتھ نیشنل سیکورٹی گارڈز کے جوان بے خوف ہوکر ملک کی حفاظتکرتے ہیں۔
امت شاہ نے کہا کہ ملک طویل عرصے کے بعد دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے جا رہا ہے جس میں این ایس جی کا کردار اہم ہے۔ ملک کے اوپر خطرے کا اندازہ کرتے ہوئے نیشنل سیکورٹی گارڈز کا پانچواں ریجنل ہب گجرات میں قائم کیا گیا۔ 2014 کے بعد نیشنل سیکورٹی گارڈز کو مختلف نئی تراکیب کے ساتھ لیس کیا گیا۔ اس سے اس کی صلاحیت کی توسیع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت انتہائی اہم ہے اور دوسرے ممالک کے ساتھ تربیت کے دوران تکنیکی تبادلے انتہائی بامعنی ہوتے ہیں۔ شاہ نے کہا کہ سوچھ بھارت ابھیان میں نیشنلسیکورٹی گارڈز کا تعاون قابل ستائش ہے۔ این ایس جی کے کوہ پیماﺅں نے ملک کا وقار بلند کیا ہے۔