نئی دہلی : ہندوستان نے امریکہ کو معاشی وسائنسی ترقی میں مہاجر ہندوستانیوں کے تعاون کی یاد دلاتے ہوئے اس سے درخواست کی ہے کہ وہ ہندوستانی پیشہ وروں کو امریکہ ہجرت کے لئے ویزے کے انتطامات میں پائی جانے والی دشواریوں کا ازالہ کرے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے یہاں معمول کی پریس بریفنگ میں امریکہ کے ذریعہ ایچ 1 بی ویزا کے تعلق سے کیے گئے فیصلے پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی حکومت نے کچھ زمروں کے مہاجروں اور مسافروں کے امریکہ میں داخلہ پر روک کو تین مال بڑھایا ہے ۔
ہندوستان اس کے لئے امریکہ حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ ویزا نظام مستحکم اور یقینی ہوسکے اور امریکہ میں مقیم ہندوستانی شہریوں اور معقول وجوہات سے امریکہ کے سفر کے متمنی ہندوستانیوں کی دقتیں کم ہوسکیں۔
مسٹر سری واستو نے کہا کہ ہندوستان اور امریکی تعلقات میں عوام کے درمیان تعلقات کا نمایاں مقام ہے ۔ امریکہ میں اس حقیقت کو تسلیم کیاجاتا ہے کہ ہندوستان کے ہنرمند پیشہ وروں نے امریکی معیشت کی ترقی میں تعاون دیا ہے اور امریکہ کومسابقتی اور جدید رکھنے کے معاملے میں آگے رکھنے میں اہم کرداراداکیا ہے ۔
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں موجودہ صدر ڈانالڈ ٹرمپ کے حامیوں کے ہنگاموں اور تشدد بھرے مظاہرے کے بارے میں ایک سوال پر ترجمان نے وزیراعظم نریندرمودی کے ٹویٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے غیرقانونی مظاہروں سے جمہوریت کونقصان پہنچاہے ۔