اڈیشہ میں آج صبح ہوئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں 7 افراد کی موت ہو گئی اور کئی لوگ شدید طور پر زخمی بھی ہو گئے۔ حادثہ کیونجھار ضلع میں پیش آیا جہاں 20 لوگوں سے بھری ایک وین سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق وین میں سوار لوگ گھٹگاؤں تارنی مندر دَرشن (زیارت) کے لیے جا رہے تھے اور راستے میں ہی یہ حادثہ پیش آ گیا۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ وین کے ٹکڑے کئی میٹر دور جا کر گرے تھے۔
حادثہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔ زخمیوں کو بھی نزدیکی اسپتال میں بغرض علاج داخل کروایا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جب حادثہ ہوا تو وین کی رفتار بہت تیز تھی۔ اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ شدید کہرا ہونے کے سبب ممکن ہے کہ ڈرائیور نے ٹرک کو نہیں دیکھا اور حادثہ پیش آ گیا۔ حالانکہ پولیس نے حادثہ کی اصل وجہ سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ خبروں کے مطابق سبھی سات لوگوں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی تھی۔
مہلوکین میں بی جے ڈی کی سابق راجیہ سبھا رکن رینوبالا پردھان کا رشتہ دار بھی شامل ہے۔ حادثہ میں جو لوگ زخمی ہوئے ہیں ان کو گھٹگاؤں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جن زخمیوں کی حالت انتہائی سنگین ہے، انھیں میڈیکل کالج لے جایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے کی جانچ کے احکام صادر کر دیے ہیں۔
No Comments: